ہندوستان کا اسلامی تعاون تنظیم کے حوالے سے بیان قابل مذمت ہے ، محمد طاہر محمود اشرفی

175

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے اسلامی تعاون تنظیم کے حوالے سے جو بیان جاری کیا ہے وہ قابل مذمت ہے اور عالم اسلامی کی اور اسلامی دنیا کی توہین ہے ،

اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی سب سے بڑی تنظیم ہے اور تمام اسلامی ممالک اس میں شامل ہیں،یہ امت مسلمہ کا متفقہ فورم ہے اور اسلام آباد کے اندر جو قراردادیں منظور ہوئیں اور جو ہندوستان کے مظالم کا کشمیر میں اور اقلیتوں پر ذکر ہوا اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے ہوا وہ پورے عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی ہے بلکہ دنیا کے ہر امن پسند کے جذبات کی ترجمانی ہے۔

جمعرات کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے یہ بیان دے کر کہ او آئی سی ایک پراپیگنڈے کا حصہ ہے اور اس کا کوئی کردار نہیں ہے نہ صرف اسلامی تعاون تنظیم کی توہین کی بلکہ ان تمام ممالک کی بھی توہین کی ہے جو ا س اجلاس میں شریک تھے اور جو اس کی ممبر ہیں ۔