ہندو یاتریوں کی وطن واپسی ،پاکستانی حکومت کی بہترین مہمان نواز ی نے دل جیت لئےہیں، ڈاکٹر یودھشٹر لال شادانی

149
ہندو یاتریوں کی وطن واپسی ،پاکستانی حکومت کی بہترین مہمان نواز ی نے دل جیت لئےہیں، ڈاکٹر یودھشٹر لال شادانی

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):ہمسایہ ملک بھارت سے آنے والے ہندو یاتریوں کے پہلے جتھہ کی ہفتہ کے روز وطن واپسی ہو گئی۔ پاکستان میں قیام کے دوران ہندو یاتریوں نے میر پور ماتھیلو، سکھر، سادھو بیلہ سمیت اندرون سندھ کے مندروں میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔

ہندو یاتریوں کو ناشتہ سے فراغت کے بعد گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے قافلے کی صورت میں واہگہ بارڈر لایا گیا۔

واہگہ بارڈر پر ہندو یاتریوں کو پر تکلف چائے پیش کی گئی۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہدسلیم نے واہگہ بارڈر پر انہیں رخصت کیا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل امجد الطاف سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر ہندو یاتریوں کے پردھان سنت شری ڈاکٹر یودھشٹر لال شادانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دنیا کے نقشے پر دو اٹل حقیقت ہیں، جن کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

پنجاب اور اندرون سندھ سمیت پاکستان میں مندروں کی حالت زارنہایت بہترین ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے بہترین مہمان نوازی کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔