لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):متروک وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام کٹاس راج مندر راج مندر چکوال میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان آئے ہندو یا تری 7 روزہ دورہ مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو گئے ۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر نے ہندو یاتریوں کو وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن کی جانب سے خصوصی تحائف، پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نیک تمنائوں سے رخصت کیا۔
قبل از یں ہندو یاتریوں کو گورودوارہ ڈیرہ صاحب میں پرتکلف ناشتہ پیش کیا گیا،یا تری سخت سکیورٹی کے حصار میں خصوصی بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچے۔بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے پارٹی لیڈر وجے کمار شرما نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں بہت عزت اور پیار ملا، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن کےبے حد شکر گزار ہیں وہ دنیا بھر کی ہندو کمیونٹی کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں پر اپنی مذہبی عبادت گاہوں کو دیکھیں،بھارتی جتھا کے ساتھ پاکستان آئے ویواکر پانڈے نے کہا کہ رہائشی کمپلیکس کی تعمیر سے کٹاس راج مندر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور یاتریوں کو رہائشی سہولیات میں مزید بہتری آئی ہے۔
جتھ کے ہمراہ آ ئے دیگر ہندو یاتریوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں 7 دن گزارے ہیں ہم جہاں بھی گئے ہمیں عزت اور احترام ملا، لاہور خوبصورت شہر ہے ،کٹاس راج اور لاہور میں موجود اپنی مذہبی عبادت گاہوں کے درشن سے دلی سکون محسوس ہوا،ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقت املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائن نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ اور یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن کے احکامات کے مطابق مندر اور گورو دواروں کی بحالی اور تزئین و آرائش پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے،ہندو یاتریوں نے اپنے 7روزہ دورہ پاکستان کے دوران کٹاس راج مندر میں مذہبی رسومات ادا کیں اور لاہور میں تین دن قیام کے دوران کرشنا مندر راوی روڈ اور والمیکی مندر انارکلی کا دورہ بھی کیا،یاتریوں نے شاہی قلعہ کی سیر کی اور انار کلی میں شاپنگ بھی کی۔