فیصل آباد۔ 22 دسمبر (اے پی پی):غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ہمیں نوجوان نسل کو ہنر سکھانے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومتی اداروں کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل(پی وی ٹی سی) کی پبلک ریلیشنز اینڈ مارکیٹنگ کی سینئر منیجر بشریٰ نوازسے ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں مگر ہم ان سے فائدہ نہیں اٹھا رہے جبکہ چین اور کئی دوسرے ممالک نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2کروڑ بچے بیروزگار ہیں جنہیں تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف وہ خود اپنے اور اپنے خاندان کیلئے کماسکیں بلکہ اپنا کاروبار شروع کر کے دوسروں کیلئے بھی روزگار مہیا کرسکیں۔ ڈاکٹر سجاد ارشدنے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں بیروزگاری کی شرح نائیجیریا سے بھی زیادہ ہے جس پر قابوپانے کیلئے ہمیں مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی بھاری زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ نوجوانوں کو ایسے ہنرسکھلانے ہوں گے کہ وہ دوسرے ملکوں میں بہت تنخواہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی وی ٹی سی کو ایسے مضامین متعارف کرانے ہوں گے جن کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی فوری روزگار مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ای کامرس کے کورس شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خاص طور پر ہماری بچیاں گھر بیٹھ کر 10سے 20ہزار ڈالر تک کما سکیں۔ بشریٰ نواز نے بتایا کہ حکومت نے 20 لاکھ بچوں کو ہنر سکھلانے کا ہدف مقرر کیا تھا جس میں پی وی ٹی سی کا حصہ 5لاکھ تھا تاہم ہم نے ہدف سے 50ہزار زیادہ بچوں کو تربیت دی۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے بچے زکوٰۃ فنڈ سے تربیت حاصل کررہے ہیں جبکہ بزنس کمیونٹی بھی اپنے طور پر مستحق بچوں کا خرچہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے پی وی ٹی سی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بہت سی بچیاں مختلف ہنر سیکھ کر اپنا کاروبار کر رہی ہیں۔