اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام (کے جے پی) کے ‘ہنرمند پاکستان’ پروگرام’ ہنر سب کے لئے‘ کے تحت ’دستاویزی فلم اور فلم سازی‘ کی 6 ماہ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعہ روزگار کمانے والی ایک خاتون کی کامیابی کی کہانی ٹویٹر پر شیئر کی ہے ۔
انہوں نے سلمی عزیز کی دو منٹ کی دستاویزی فلم اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر شیئرکی تاکہ اس بات کو اجاگر کیا جاسکے کہ کس طرح ہنرمند سکالرشپ پروگرام روایتی اور ہائی ٹیک کاروبارکی تربیت دے کر نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت معاشی تبدیلی لارہا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اس پروگرام نے نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل دینے کا عزم کر رکھا ہے اور بہت سارے فارغ التحصیل جوانوں کو وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ’باعزت‘ روزگار ملنا شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق اس طرح کی تربیت کے لئے بڑے پیمانے پر فنڈ زجاری کئے گئے ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف روایتی پروگراموں میں تربیت دی جارہی ہے بلکہ ہنر مند اسکالرشپ پروگرام کے تحت ہائی ٹیک کاروبار کی بھی تربیت دی جارہی ہے جس کا آغاز 10 ارب روپے سے شروع کیا گیا ہے۔
کورس کے فوائد حاصل کرنے پر سلمیٰ عزیز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ اس اقدام کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ اس طرح کے بہت سے نوجوان پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے کے بعد اس وقت با وقار روزگارکما رہے ہیں۔
ویڈیو پیغام میں سلمیٰ عزیز نے وزیر اعظم اور کامیاب جوان پروگرام کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس کے دوران آن لائن روزگار کمانے میں میری مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کورس میں انہوں نے اول پوزیشن حاصل کی ، جس کے نتیجے میں اپنے یو ٹیوب چینل کے لئے مجھے فلم سازی اور دستاویزی فلمیں بنانے کے اپنے خواب کو پورا کرنے میں مدد ملی ہے۔