26 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںہنر مند افراد صوبے کا اثاثہ ہیں، طفیل انجم

ہنر مند افراد صوبے کا اثاثہ ہیں، طفیل انجم

- Advertisement -

پشاور۔ 08 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ ہنر مند افراد صوبے کا اثاثہ ہیں، ہنرمند افرادی قوت سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”ایک ملین ہنر مند ورکرز” اقدام کی پیشرفت اور مستقبل کے روڈ میپ پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں محکمہ صنعت کے اقتصادی مشیر باسط خان، ٹیوٹا کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن منیر گل، ڈائریکٹر اکیڈمکس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس نے ”ایک ملین سکلڈ ورکرز” پروگرام کے تحت جاری کوششوں کا جائزہ لیا، جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی روزگار مارکیٹس کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے، یہ اقدام بے روزگاری کو کم کرنے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور صنعتی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے حکومت کی حکمت عملی کا سنگ بنیاد ثابت ہوگا۔ اجلاس کے دوران طفیل انجم نے اس اقدام کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP)2025-26 میں شامل کرنے اور اسکی اہمیت پر زور دیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اے ڈی پی میں کئی نئی سکیموں کو شامل کیا جائے تاکہ پروگرام کی رسائی اور اثر کو مزید تقویت ملے۔ یہ سکیمیں تربیتی سہولیات کو بڑھانے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدید کورسز متعارف کرانے اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں گی تاکہ ہنر مند نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقعوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر اقتصادی مشیر باسط خان نے صنعتی ترقی کو آگے بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ہنر مند افرادی قوت کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نےٹیوٹااور صنعت کے سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تربیتی پروگرام مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہوں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر اکیڈمکس نے اس اقدام کے تحت موجودہ اندراج، تربیتی ماڈیولز اور تقرری کی شرح کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے جدید تربیتی طریقہ کار متعارف کرانے اور اس پروگرام کو صوبے کے پسماندہ علاقوں تک پھیلانے کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے اس سکیم کی اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ 10 لاکھ ہنر مند افراد کی تربیت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے کام کی رفتار کو مزید تیز اور بہتر بنائیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہمارا مقصد صوبے کی ترقی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے،ہم نے اپنی نئی نسل کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ اپنے لئے خود روزگار شروع کر سکیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557466

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں