ہنگامی حالات کے دوران میڈیا کا کردار بڑا اہم ہوتا ہے، ڈائریکٹر انفارمیشن احمد نعیم ملک

149
Rescue 1122 Mansehra
Rescue 1122 Mansehra

سرگودھا۔4دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن احمد نعیم ملک نےکہا ہے کہ ہنگامی حالات کے دوران میڈیا کا کردار بڑا اہم ہوتا ہے بالخصوص جب صحافی اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر پُر خطر ماحول میں رپورٹنگ کے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلانوالی میں صحافیوں کے لیے ریسکیو 1122 کے دفتر میں منعقدہ ایک آگاہی سیمینار سے بطور مہمان ِخصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصدر تحصیل پریس کلب سید شہباز علی سمیت سید مبشر شاہ، اطہر چوہدری، مرزاامتیاز اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ تحصیل ایمرجنسی آفیسر امتیاز احمد اور شوکت علی نے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد کے طریقے سکھائے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 کی جانب سے صحافیوں کے لیے تربیتی نشست کا انعقاد شاید صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے۔ انہوں نے شرکاء صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ہر طرح سے ریسکیو 1122 جیسے قابل فخر اداروں کو سپورٹ کریں۔ سید شہباز علی نے کہا کہ ریسکیو 1122 جس طرح دکھی انسانیت کی خدمت کر رہا ہے، یہ دوسروں کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ہر ممکن طور پر ریسکیو1122 کی معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سلانوالی جیسے چھوٹے شہروں میں اس سروس کی فراہمی حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔ قبل ازیں تحصیل آفیسر امتیاز احمد نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل قریب میں مزید صحافیوں کے لیے اس طرح کا تربیتی سیشن منعقد کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تربیتی پروگرام تعلیمی اداروں کے بچوں اور دیگر شعبوں کے افراد کے لیے بھی جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں صحافیوں کو ریسکیو1122 کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔