راولپنڈی۔9مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات پر پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 نے راولپنڈی شہر میں واقع سرکاری و نجی اداروں میں فرضی مشقوں کا انعقاد کرتے ہوئے 12 سو سے زائد شہریوں کو ہنگامی صورتحال کے دوران زندگی کے تحفظ اور دوسروں کی حفاظت کی تربیت دی ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ کی نگرانی میں ریسکیو 1122 راولپنڈی کے افسران عزرہ شاہد اور محمد وقاص نے جمعہ کو ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے علاوہ شہر کے مختلف اداروں میں جاکر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اورخطرات سے بچاؤ کے لئے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا جس دوران بتایا گیا کہ ہنگامی حالات کے دوران عمارتوں سے باہر نکلنے یا دوسروں کی مدد کیسے کی جائے ،متاثرہ افراد کو طبی امداد پہنچانا اور انہیں محفوظ مقام یا ہسپتال تک پہنچانے کا عملی طریقہ بتایا گیا۔
عزرہ شاہد نے بتایا کہ راولپنڈی کی مختلف ٹیمیں تمام سرکاری و نجی اداروں میں جاکر شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی آگاہی تربیت دے رہیں اور پہلے دو دن 12 سو افراد کو فرضی مشقوں کے ذریعے تربیت و آگاہی دی گئی تاکہ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو بچا سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594854