ہنگری کا روسی اثاثوں کے معاملے پر یورپی یونین سے تعاون ختم کرنے کا اعلان

بوداپیسٹ۔17دسمبر (اے پی پی):ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے اعلان کیا ہے کہ ہنگری روسی اثاثوں کے معاملے پر یورپی یونین کے ساتھ ’’وفادارانہ تعاون‘‘ کے اصول پر مزید عمل نہیں کرے گا، کیونکہ یورپی یونین نے خود اس اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔ تاس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹر اوربان نے کہا کہ ہنگری نے منجمد روسی اثاثوں کے حوالے سے یورپی یونین کے ساتھ …

بوداپیسٹ۔17دسمبر (اے پی پی):ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے اعلان کیا ہے کہ ہنگری روسی اثاثوں کے معاملے پر یورپی یونین کے ساتھ ’’وفادارانہ تعاون‘‘ کے اصول پر مزید عمل نہیں کرے گا، کیونکہ یورپی یونین نے خود اس اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔ تاس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹر اوربان نے کہا کہ ہنگری نے منجمد روسی اثاثوں کے حوالے سے یورپی یونین کے ساتھ وفادارانہ تعاون کی پالیسی اپنائے رکھی، تاہم اس کے جواب میں یورپی یونین نے ہنگری کو اس کے حقوق سے محروم کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہنگری اس اصول کا پابند نہیں رہا، کیونکہ دوسری جانب سے اسے واضح طور پر مسترد کیا جا چکا ہے۔وزیراعظم نے یہ بیان بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز جاتے ہوئے طیارے میں دیا، جس کی ویڈیو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی شیئر کی۔وکٹر اوربان کے مطابق یورپی یونین کے رہنماؤں نے یورپی قانون کی خلاف ورزی کی ہے، کیونکہ وہ روسی مالی اثاثوں سے متعلق فیصلے اتفاقِ رائے کے بجائے کوالیفائیڈ میجورٹی ووٹ کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ کار پابندیوں سے متعلق مذاکرات میں وفادارانہ تعاون کے اصول کے خلاف ہے اور ایک خطرناک مثال قائم کرے گا، جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔واضح رہے کہ 12 دسمبر کو یورپی یونین کی کونسل نے روس کے خودمختار اثاثوں کو غیر معینہ مدت کے لیے منجمد رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یورپی کمیشن 18 اور 19 دسمبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں روس کے تقریباً 210 ارب یورو مالیت کے اثاثے ضبط کرنے کی منظوری حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جن میں سے 185 ارب یورو بیلجیئم کے مالیاتی ادارے یوروکلیئر میں منجمد ہیں۔