اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):ہنگری کے وزیر برائے امور خارجہ و تجارت پیٹر سیجارٹو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر 30 اپریل جمعہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ سیجارٹو کے ساتھ ایک اعلی سطحی کاروباری وفد بھی ہو گا جس میں 20 سے زائد سرکردہ کاروباری افراد شامل ہوں گے۔ہنگری کے وزیر خارجہ ،شاہ محمود قریشی سے ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کرینگے۔ بات چیت میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور تعلقات میں مزید پیشرفت بالخصوص دوطرفہ تجارت ، معیشت، زرعی تحقیق اور فوڈ انڈسٹری ، ماحولیات کی صنعت سمیت فضلہ اور آبی وسائل کے انتظام ، سائنس اور انجینئرنگ ٹیکنالوجی ، اور اعلی تعلیم میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر پاکستان ہنگری اقتصادی ڈپلومیسی کی تقریب سے خطاب کریں گے جس میں ہنگری کے کاروباری وفد کے علاوہ پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ، گذشتہ ماہ ، ہنگری پاکستان تجارتی اور اقتصادی ونڈو کا عملی طور پر آغاز کیا تھا، جس میں دونوں اطراف کی 100 سے زیادہ کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔ہنگری کے وزیر برائے امور خارجہ و تجارت کا دورہ پاکستان، کثیر الجہتی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر افہام و تفہیم بڑھانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔