انقرہ ۔29مئی (اے پی پی):ترکیہ میں نافذ کئے گئے نئے قانون کے مطابق ہوائی جہاز کے مسافروں کو جہاز کے رُکنے سے قبل سیٹ بیلٹ کھولنے اور کھڑے ہونے پر جُرمانہ کیا جائے گا۔ اے پی کے مطابق ترکیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران حفاظتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی صورت میں مسافروں پر جُرمانہ کیا جائے گا۔
ترکیہ میں ایئرلائن کے وہ مسافر جو جہاز کے مکمل طور پر رُکنے سے قبل ہی اپنی سیٹ بیلٹ کھول دیتے ہیں انہیں جُرمانہ ہو سکتا ہے۔اس کے علاوہ وہ مسافر جو جہاز رُکنے سے پہلے ہی سیٹوں کے اوپر کیبن سے سامان نکالنا شروع کر دیتے ہین یا نشتسوں کے درمیان راستے میں کھڑے ہو جاتے ہیں، اُنہیں بھی جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترکیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور بدنظمی سے بچنے کے لئے اس حوالے سے نئے ضوابط جاری کئےہیں۔ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا اطلاق رواں ماہ کے شروع سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد جہاز سے مسافروں کے اُترنے کے عمل کو مزید محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602543