ہوابازی ڈویژن کے 8جاری اور 4 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 5450 ملین روپے مختص

61
PSDP

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 24 ۔ 2023 کے سالانہ بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت ہوابازی ڈویژن کے 8جاری اور 4 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 5450 ملین روپے مختص کئے ہیں۔جمعہ کو جاری آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کی دستاویز کے مطابق ہوا بازی ڈویژن کے 8جاری منصوبوں کیلئے بجٹ میں 5340 ملین روپے جبکہ 4نئے منصوبوں کیلئے 110 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

ہوا بازی کے 8جاری منصوبوں میں اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے قریب کسانہ ڈیم سے آبپاشی نظام کی تعمیر ملتان اور سکھر میں موسم کی نگرانی کے ریڈار سسٹم کی تعمیر کے 2منصوبے نیو گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ کا میگا منصوبہ ، اے ایس ایس اکیڈمی کی اپ گریڈیشن ، اے ایس ایس اکیڈمی کے پی سی۔II منصوبے ، تربت ایئر

پورٹ پر اے ایس ایس کی رہائشی عمارت کی تعمیر اور ناران اور بالا کوٹ میں پیشہ ورانہ اور انتظامی سہولیات کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں ۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق 8جاری منصوبوں میں گوادر انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے میگا منصوبے کیلئے 5 ہزار ملین روپے مختص کئے گئے ہیں اسی طرح 4نئے منصوبوں میں پنجگور ہوائی اڈے پر کواٹرگارڈ اور دیگر سہولیات کی تعمیر ، فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر خواتین افسران کی رہائش گاہوں کی تعمیر ،گلگت ہوائی اڈے پر اے ایس ایس کی رہائشی عمارت کی تعمیر اور مانسہرہ میں ہوائی اڈے کی تعمیر کے زمین کے خریداری کے منصوبے شامل ہیں ، جن کیلئے مجموعی طور پر 110ملین روپے رکھے گئے ہیں۔