اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا ہےکہ ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے ملک میں بھاری سرمایہ کاری کے دروازے کھولیں گے جوکہ معیشت کیلئے بھی ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ۔ پاکستان پائیدار ترقی کے اپنے سفر کے اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ پاکستان سسٹینیبلیٹی ویک متبادل توانائی کے حل کی معاونت سے زیادہ سرسبز، زیادہ مضبوط و مستحکم مستقبل کےلئے قوم کے اجتماعی عزم کو نمایاں کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیکٹ ایگزیبیشنز ( پرائیویٹ ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام متبادل توانائی کی سب سے بڑی تین روزہ نمائش ” پاکستان سسٹینیبلیٹی ویک ( پی ایس ڈبلیو ) “ اور سولر پاکستان کی 15ویں سولر پاکستان کی نمائش اور عالمی کانفرنس ہفتہ کو پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
نمائش 9مئی سے 11مئی تک جاری رہی جس نے پاکستان میں متبادل توانائی کے منظرنامے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا۔نمائش کی اختتامی تقریب میں وفاقی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش اور جوائنٹ سیکٹری اجلال احمد خٹک نے شرکت کی جبکہ نمائش کا افتتاح سید مہدی شاہ نے کیا ، ان کے ہمراہ انڈسٹری کے اہم لیڈرز، پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں، مینوفیکچرز،سپلائرز، ٹریڈرز اور ڈسٹری بیوٹرز بھی موجود تھے۔
نمائش کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہاکہ ایونٹ میں مقامی اور عالمی اسٹیک ہولڈرز کی جوش وجذبہ کے ساتھ شرکت اور مصروفیت کو دیکھ کر ہمیں بے حدخوشی ہوئی۔
پاکستان سسٹینیبلیٹی ویک اور سولر پاکستان نمائش پاکستان کے متبادل توانائی کے منظرنامے میں جدت اور اشتراک کے فروغ کےلئے محرک کا کردار ادا کرے گا۔نمائش نے روابط، اشتراک اور معلومات کے تبادلے کےلئے ایک بھرپور پلیٹ فارم مہیا کیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے 50سے زائد کمپنیوں نے اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی مارکیٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کو متعارف کروایا۔
نمائش کےپہلے روزسسٹینیبلیٹی انوویشن سمٹ بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں تکینکی جدت اور متبادل توانائی کے اقدامات پیش کئے گئے۔سمٹ میں انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی اور قیمتی تجاویز، مارکیٹ کا جائزہ اور تجربات پیش کیے۔
واضح رہے کہ پاکستان سسٹینیبلیٹی ویک پیشہ ورافراد کےلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طورپر ابھرا ہے جس سے انہیں متبادل توانائی کے شعبے میں ترقی اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت پر آگاہی ملتی ہے۔