ہیلی کاپٹر پر ریفرنس بنے تو شریف خاندان سمیت مریم اورنگذیب کا سارا ٹبر، ان کے رشتہ دار اور ان کے سارے باورچی جیلوں میں ہوں،معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

84

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا سارا کھانا ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا اور لے جایا جاتا تھا، اگر ہیلی کاپٹر پر ریفرنس بنے تو شریف خاندان سمیت مریم اورنگزیب کا سارا ٹبر، ان کے رشتہ دار اور ان کے سارے باورچی جیل میں ہوں، یہ لوگ محض دوسروں پر الزام تراشی کرنا جانتے ہیں لیکن اپنی لوٹ مار کے سوالوں کے جواب ہرگز نہیں دینا چاہتے جو عوام ان سے پوچھ رہے ہیں،

وزیراعظم عمران خان کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے وہ صرف اللہ کی ذات کے سامنے جھکتے ہیں، پاکستان کرکٹ کے میدانوں سمیت ہر طرح کی قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کبھی بھی ملکی سالمیت اور ملک کے وقار پر کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کریں گے، قوم مریم صفدر کی ملکی سالمیت اور وقار کے معاملے پر خاموشی کو دیکھ رہی ہے، آپ کو حساب دینا ہو گا اور قوم آپ سے حساب لے گی۔ منگل کو مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں رٹی رٹائی ہوئی باتیں کی ہیں جن کا کوئی وجود ہی نہیں ہے،

اگر ہیلی کاپٹر پر ریفرنس بنے تو شریف خاندان سمیت مریم اورنگزیب کا پورا ٹبر، ان کے رشتے دار ان کے گھروں میں کام کرنے والے سارے باورچی جیلوں میں ہوں کیونکہ شریف خاندان کا سارا کھانا حلیم سے لیکر پائے تک سب ہیلی کاپٹر کے ذریعےیہاں پر بھی اور پی آئی اے کے ذریعے دوسرے ممالک میں بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔ شہباز گل نے کہا کہ یہ لوگ ادھر ادھر کی باتیں کرتے ہیں، اصل میں جو جرائم انہوں نے کئے ہیں اس کا جواب دیں، یہ رسید کی جگہ قطری خط دیں گے، ان کو صرف دوسروں پر الزام تراشی کرنے کا پتہ ہے لیکن جو قوم ان سے لوٹ مار کا جواب مانگ رہی ہے اس کا جواب کیسے دینا ہے یہ انہیں نہیں پتہ۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر جن کا فون ہمیشہ ان کے ہاتھ میں ہوتا ہے جو لوگوں کی وڈیوز بناتی ہیں اور ٹیکسٹ مسیجز کے سکرین شاٹس لیکر لوگوں کو بلیک میلنگ کرتی رہتی ہیں، اگر پاکستان میں کوئی بھی بات ہو تو ٹویٹ نہ کریں تو انہیں کچھ ہضم نہیں ہوتا، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود جو انگلش ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کیا ہے اس پر کسی قسم کا ٹویٹ نہیں کیا، یہ کیوں ہوا ہے یہ سب قوم کو پوچھنا پڑے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مریم صفدر کے والد کے یہاں پلیٹ لیٹس جھوٹ کے طور پر کم ہوئے تھے، وہ یہاں سے مفرور ہو کر لندن بھاگ گئے تھے، اسی لندن میں جن کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہے،

اس سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم نے جو کیا وہ بھی سب کے سامنے ہے، کیا گزشتہ 24 گھنٹوں سے مریم صفدر کا ٹیلی فون اور وہ خود کہیں فریزر کے اندر ہیں کیا وہ زندہ ہیں کوئی ان سے سوال پوچھے، وہ آج پارٹی کنونشن تو اٹینڈ کر رہی تھیں لیکن لندن اور برطانیہ کے اوپر ایک لفظ تک نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کیسے لندن اور برطانیہ کے بارے بولیں گی، جب ان کے پورے خاندان کی لوٹ مار کی دولت لندن میں رکھی ہوئی ہو، جب آپ نے قطری خطوں سے لیکر تمام لانچوں کے اوپر منی لانڈرنگ کی ہو اور وہ تمام کا تمام پیسہ لندن میں رکھا ہوا ہو تو آپ یہ جرات نہیں کر سکتے کہ آپ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری اور پاکستان کے وقار کے ساتھ جڑا ہوا کوئی بیان دے سکیں۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر کیا وہی خاتون نہیں ہیں جو ہر چیز کے اوپر ٹویٹ کرتی ہیں، دنیا میں کچھ ہو جائے فوری طور پر ان کا بیان آ جاتا ہے، گزشتہ دنوں جب نیوزی لینڈ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کیا تو انہوں نے پاکستان، پاکستانی عوام اور پاکستان کے سبز پاسپورٹ پر انہوں نے جگت کی، آج جب ان کے اپنے ملک ان کے بھائی جس کے شہری ہیں جہاں پر ان کا سارا ٹبر مفرور ہو کر پہنچا ہوا ہے اس ملک کے خلاف ایک لفظ مریم صفدر نے نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے کہا کہ پاکستان کھیلنے کیلئے محفوظ نہیں ہے تو کیا مریم صفدر کے والد کو وہاں سے بیان نہیں دینا چاہیے تھا کہ پاکستان بالکل محفوظ ملک ہے،

آج اگر وزیراعظم عمران خان انہیں این آر او دے دیں تو یہ اگلی فلائٹ سے واپس پاکستان آنے کیلئے تیار ہو جائیں گے اور باقی سارا ٹبر اگلی فلائٹ سے واپس آ جائے گا، یہ سارے وہاں اسلئے بیٹھے ہیں کیوں کہ انہیں این آر او چاہیے، مریم صفدر بتائیں کہ دانت یا منہ میں درد ہے کہ انگلش ٹیم کا دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے ابھی تک آپ کا کوئی بیان کیوں نہیں آیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس وقت پاکستان کی کمان وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ میں ہے جو ملکی سلامتی و وقار کے اوپر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کریں گے، پاکستان کسی دبائو میں نہیں آئے گا، پاکستان ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہے، بھلے کرکٹ کے میدانوں میں ہو یا فیٹیف پر، پاکستان نے پہلے بھی ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا تھا،

ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی جانیں قربان کر کے اپنے خون سے اس ملک کو سینچا ہے، 80 ہزار سے زائد شہادتیں ہوئی ہیں، چند لوگوں کو لگتا ہے کہ پاکستان ان چھوٹی چھوٹی چیزوں سے دبائو میں آ جائے گا جو مرضی ہو جائے یہ پیغام واضح ہے کہ کوئی ہمارے خلاف پریشر تکنیکس استعمال کرے، پاکستان اپنے وقار کے مسئلہ میں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گے، وزیراعظم عمران خان صرف اللہ کی ذات کے آگے جھکتے ہیں اور وہ صرف ہمارے نبی ﷺکے ساتھ عقیدت رکھتے ہیں، پاکستان اور پاکستانی وزیراعظم ملک کے وقار کے اوپر کبھی سودے بازی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر بتائیں کہ آپ کس چکر میں سائیلنٹ موڈ میں ہیں، آپ کی کنیزیں ایسے بیان دیتی ہیں جیسے آپ نے بیان دینے والی مشینیں لگائی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بار بار ای وی ایم کے اوپر تنقید کرتی ہے یہ لوگ واضح اشارے دے رہے ہیں کہ آپ ہمیں این آر او دیں، پہلے کی حکومتوں کی طرح ہماری سزائیں معاف کریں تو ہم آپ کے ساتھ چلنے کیلئے تیار ہیں، قوم ای وی ایم کی مخالفت کرنے سمیت ملکی سالمیت اور وقار کے معاملے پر ان کی خاموشی دیکھ رہی ہے، قوم اپوزیشن کے ماضی سے بخوبی آگاہ ہے اور عوام کبھی بھی چوروں کو قاضی ماننے کو تیار نہیں ہیں، ان لوگوں کو حساب دینا ہو گا اور قوم ان سے حساب لے گی۔