37.7 C
Islamabad
اتوار, مئی 25, 2025
ہومعلاقائی خبریںہیٹ ویو کے باعث جلدی امراض میں اضافہ

ہیٹ ویو کے باعث جلدی امراض میں اضافہ

- Advertisement -

ملتان۔ 25 مئی (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث جلدی امراض میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرینِ امراضِ جلد نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ پسینہ آنا اور طویل وقت تک دھوپ میں رہنا جلدی بیماریوں کو جنم دیتا ہے جن میں فنگس، گرمی دانے، بدن کی بدبو اور ایکنی جیسے مسائل شامل ہیں۔معروف ماہر امراضِ جلد ڈاکٹر وقاص ارقم ملک نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شدید گرمی کے دوران پسینے کے غدود بند ہو جاتے ہیں جس سے جراثیم اور فنگس کی افزائش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے خصوصاً اُن افراد میں جن کی جلد حساس یا چکنی ہو۔

انہوں نے بتایا کہ گرمی دانوں، انڈر آرم انفیکشن، پاؤں میں فنگس اور جسم کے تہہ دار حصوں میں خارش جیسے مسائل کے مریضوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے، اگر ان کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ مسائل فلیکولائٹس، جلد پر دھبے اور بار بار سوزش جیسے سنگین مسائل میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر وقاص نے مشورہ دیا کہ شدید گرمی میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، دن میں دو بار غسل کریں، اینٹی فنگل پاوڈر استعمال کریں اور ایسی مصنوعات سے پرہیز کریں جو مسام بند کرتی ہیں جیسے کریمیں یا میک اپ۔

- Advertisement -

انہوں نے تجویز دی کہ لوگ ہلکے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں، زیادہ پانی پیئں اور پسینے والے کپڑے فوراً تبدیل کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچا جائے ۔ڈاکٹر وقاص نے خبردار کیا کہ اگر ہیٹ ویو کے دوران جلد کی مناسب دیکھ بھال نہ کی گئی تو یہ مسائل طویل المدتی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پسینے سے جُڑے جلدی مسائل پر فوری توجہ دیں تاکہ بڑی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601151

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں