اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے لئے جامع ملک گیر پروگرام شروع کیاگیاہےجس کے تحت ملک بھر میں فلٹر کلینک قائم کئے جائیں گے،اس کے لیے وفاقی حکومت نے35 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ 15 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز میرے لئے بے پناہ اطمینان کا دن تھا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر(پی کے ایل آئی) جس کا تصور 2015 میں پاکستان کے جان ہاپکنز (امریکی ادارے)کے طور پر کیا گیا تھا نے ایک سنگ میل عبور کیا۔ میں نے پی کے ایل آئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا تاکہ پی کے ایل آئی کی مدد سےے علم کی تخلیق، تحقیق اور اختراعات کے مرکز کے طور پر کام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے ایک جامع ملک گیر پروگرام بھی گزشتہ روز دوبارہ شروع کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں فلٹر کلینک قائم کیے جائیں گے، جس کے لیے وفاقی حکومت نے35 ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ 15 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ پہلےہی قائم کیا جا چکا ہے، یہ رقم غریبوں کے مفت علاج کے لئے فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر فیصل ڈار اورپی کے ایل آئی کے ڈاکٹروں، ماہرین اور عملے کے ساتھ ساتھ حکومتی عہدیداروں کو ان کی عظیم قومی خدمات پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پی کے ایل آئی کو قوم کا فخر بنائیں گے۔