ملتان-31 اگست (اے پی پی):ہیڈ محمد والا کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے جس کے باعث ملتان کے دریائی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد کیوسک ڈسچارج ہورہا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملتان کے نشیبی اور دریائی علاقوں میں پانی داخل ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کی رفتار مزید تیز کردی ہے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی معاونت بھی حاصل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دریائی بیٹ کے مکین فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج شام تک دریائے چناب میں پہنچنے والے ریلے کی شدت واضح ہوجائے گی جس کے بعد مزید اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔