ہیکرز کے خلاف فوری و سخت کارروائی کی جائے، لاہور چیمبرکا مطالبہ

175
Lahore Chamber
Lahore Chamber

لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):ہیکرز معیشت اور کاروباری شعبے کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں،ان کے خلاف سخت ترین ایکشن لینا اور فول پروف نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے سائبر حملوں کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے کاروباری برادری اور عوام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں جن کے خلاف فوری اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہونے والے سائبر حملے سے کاروباری برادری کو مالی نقصان پہنچا، متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کر کے ہیکرز کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری دنیا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر انحصار کرتی ہے،ہیکنگ کے واقعات ڈیٹا چوری اور ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں لہذا سائبر سکیورٹی کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں و سائبر سکیورٹی ماہرین کے درمیان تعاون اور عوام میں اس حوالے سے شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے آگاہی مہم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سائبر کرائم سے نمٹنے کو اولین ترجیح دیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کریں۔