مظفر آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965ء ہماری عسکری تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے۔ یہ دن ہمیں جنگ ستمبر کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا۔
اس دن بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور یہ جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدو جہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لئے مشعل ِ راہ کا کام کرتی رہے گی۔ دفاع پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام بھی پیش کرتی ہے۔
خونی لکیر کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری افواج پاکستان کو اپنی محافظ فوج سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستان کی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے۔پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ در حقیقت 6ستمبر ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 6ستمبر کی یاد مناتے ہوئے جب ہمارا ذہن اس تاریخی معرکہ کی ورق گردانی کرنے لگتا ہے تو ہم دیکھتے ہیں کہ کس طرح ہمارے بزدل مکار اور عیار دشمن نے اپنی روایتی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں ہمارے وطن عزیز پر حملہ کر دیا تھا۔ ہماری بیدار و زندہ قوم اور پاک فوج نے اس موقع پر قومی یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہاکہ ہمیں مسلح افواج پاکستان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمارے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، وہ انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کا شکار ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کی بزدل فوج سیز فائر لائن پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ ہندوستان کی فوج،افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے وہ معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ بھارت جتنا بھی ظلم روا رکھے وہ کشمیریوں کو انکے پیدائشی حق لینے سے نہیں روک سکتا