یاسر شاہ کی جادوئی باﺅلنگ، پاکستان کا نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 16 رنز سے ہرا کر جاندار کم بیک

88

دبئی ۔ 27 نومبر (اے پی پی) یاسر شاہ کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 312 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کیوی ٹیم دونوں اننگز کھیل کر بھی پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے میں ناکام رہی، روز ٹیلر، ہنری نیکولز اور ٹام لیتھم کی مزاحمتی بیٹنگ بھی ٹیم کے کام نہ آئیں، ٹیلر 82، نیکولز 77 اور لیتھم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاسر شاہ نے ریکارڈ ساز باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔