یاسین ملک کو دوران قید کچھ ہوا تو اس کی زمہ داری ہندوستانی حکومت پر عائد ہو گی، مشعال حسین ملک کا بھارتی وزیراعظم کے نام مکتوب

68
مشعال ملک

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):جموں وکشمیرلیبریشن فرنٹ کے چئیرمین اورحریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ یاسین ملک کو دوران قید کچھ ہوا تو اس کی زمہ داری ہندوستانی حکومت پر عائد ہو گی۔

انہوں نے یہ بات بھارت کے وزیراعظم نریندرامودی کے نام مکتوب میں کہی ہے۔ مشعال حسین ملک نے اپنے خط میں لکھاہے کہ ان کے شوہر یاسین ملک اس وقت بھارتی جیل میں ہیں،یاسین ملک کشمیریوں کی توانا آواز ہیں، عدالتی ٹرائل میں ناانصافی اور عمر قید کی سزا کے بعد یاسین ملک بھول ہڑتال پر ہیں ۔

انہوں نے لکھاہے کہ یاسین ملک کے خلاف جاری ٹرائل نا انصافی اور جمہوری نظام کے برعکس ہے، مسلسل قید تشدد ٹارچر کے باعث یاسین ملک کو کئی بیماریاں لاحق ہیں، کیس کی تاریخ کے دوران یاسین ملک نے متعدد بار عدالت میں موجود ہونے کی درخواست کی لیکن بھارتی حکام نے انکی موجودگی کے بغیر جرح کی جس سے بظاہر لگتا ہے کہ یاسین ملک کے خلاف یکطرفہ ٹرائل کیا جارہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے ، انصاف کے حصول کی خاطر اب وہ جیل میں بھوک ہڑتال پر ہیں، نریندر مودی سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے کا کا نوٹس لے۔ انہوں نے لکھاہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جہدوجہد کر رہے ہیں اوراگر یاسین ملک کو دوران قید کچھ ہوا تو اس کی زمہ داری ہندوستانی حکومت پر ہو گی۔