پشاور۔ 12 مارچ (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور احمد شہزاد فاونڈیشن کے بانی احمد شہزاد نے کہا ہے کہ یتیموں کی کفالت اور معاشرے کے محروم طبقات کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے احمد شہزاد فاونڈیشن کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس کے پلیٹ فارم سے یتیموں،بیواوں،ناداروں اور دکھی انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، پاکستان میں خدمت حلق کے حوالے سے الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمارا ادارہ احمد شہزاد فاونڈیشن خدمت انسانیت کے اس عظیم مشن میں الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے جس کو ہم اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور احمد شہزاد فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد شہزاد نے یتیم بچوں کی کفالت کے لئے قائم آغوش الخدمت ہوم پشاور میں 100گھرانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرالخدمت فاونڈیشن پاکستان کے گلوبل سی ای او شاہد اقبال،الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب، صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون،سینئر منیجر کمیونٹی سروسز محمد وسیم اور ضلعی نائب صدر حاجی امدادخان خلیل بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد فاونڈیشن مستقبل میں یتیم بچوں کی کفالت اور معاشرے کے محروم طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ باہمی اشتراک کے متعددمنصوبوں پر کام کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کل مردان میں بھی الخدمت کے اشتراک سے رمضان فوڈ پیکجز اور اجتماعی افطاریوں کے پروگرامات کئے تھے آج اسی قسم کی سرگرمیاں پشاور میں منعقد کی گئی ہیں اور کل لوئر دیر اور سوات میں اسی طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے معاشرے کے اہل خیراور صاحب ثروت مخیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ خدمت انسانیت کے اس عظیم مشن میں الخدمت اور احمد شہزاد فاونڈیشن کا بھرپور ساتھ دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571701