یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی بہترین میزبانی کرے گا’ پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے،آئی سی سی

67

دبئی۔22نومبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی گورننگ باڈی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی2025ء کیلئے بہترین انتظامات کرے گا، کرکٹ ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کے مطابق گریگ بارکلے نے کہاکہ پاکستان میں گزشتہ کچھ سالوں سے انٹرنیشنل کرکٹ ہو رہی ہے،ہمیں پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے اگر بھروسہ نہ ہوتا تو ایونٹ کی میزبانی نہ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی حالات ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن کرکٹ ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی نظر میں پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ طویل عرصے بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے گا’ ہمیں یقین ہے وہ اس میگا ایونٹ کی میزبانی کے لئے مناسب حفاظتی انتظامات کریں گے۔

افغانستان کرکٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بارکلے نے کہا کہ آئی سی سی ایک رکن کے طور پر ان کی حمایت جاری رکھے گی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں’ امید ہے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، ہم خواتین کی کرکٹ کو بڑھتا ہوا دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان 29 سال بعد 2025ء میں آئی سی سی ایونٹ چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 ء میں آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ 2008ء میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو جنوبی افریقہ منتقل کردیا گیا تھا۔

حالیہ کچھ سالوں میں مختلف ممالک کی ٹیمیں پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنے کے لئے آئیںجن میں ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش، زمبابوے، جنوبی افریقہ اور ایک ورلڈ الیون شامل ہیں۔ پی ایس ایل میں متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان میں فرنچائزز کے لیے کھیل چکے ہیں۔