اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یمن، افغانستان اور میانمار جیسے تنازعات کا شکار 16 ممالک میں تشدد سے زیادہ گندا پانی انسانوں کی موت کا سبب بن رہا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود اطفال (یونیسیف) کی رپورٹ کے مطابق حفظان صحت کے اصولوں پر پورا نہ اترنے والا پانی بہت سی بیماریوں کا باعث بنتا ہے جن میں پیٹ کی بیماریاں سر فہرست ہیں،اگر خانہ جنگی کے شکار ممالک میں تشدد سے ہونے والی ہلاکتوں کا موازنہ آلودہ پانی کی وجہ سے ہونے والی اموات سے کیا جائے تو پندرہ سال سے کم عمر بچوں میں اس کا تناسب تین گنا زیادہ ہے کیونکہ بیکٹیریل پانی بیشتر اموات کی وجہ بنتا ہے جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں یہ خطرہ 20 گنا زیادہ پایا جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈائیریا جیسی بیماریاں مثلا ہیضہ کم عمر بچوں کے لئے جان لیوا ثابت ہوتا ہے کیونکہ ہیضہ ایک ایسی مہلک بیماری ہے جو عام طور پر آلودہ پانی کی ہی ایک وجہ ہوتی ہے۔