22.5 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںیمنی دارالحکومت صنعا میں صدارتی کمپلیکس، میزائل اڈوں ، تیل کی تنصیبات...

یمنی دارالحکومت صنعا میں صدارتی کمپلیکس، میزائل اڈوں ، تیل کی تنصیبات اور پاور پلانٹس کے قریب علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 6 افرادجاں بحق ،86 زخمی

- Advertisement -

صنعا۔25اگست (اے پی پی):یمن کے دارالحکومت صنعا میں صدارتی کمپلیکس، میزائل اڈوں اور تیل اور پاور پلانٹس کے قریب علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 6 افرادجاں بحق اور86 زخمی ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق حوثیوں سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے یمنی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں صنعا میں حزیز پاور سٹیشن اور 60ویں سٹریٹ پر واقع آئل کمپنی کو نشانہ بنایا گیا ۔یمنی وزارتِ صحت کے مطابق کہ سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیمیں اب بھی لاپتہ افراد کی تلاش اور شناخت کر رہی ہیں۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی فضائی حملے میں صدارتی محل کے علاوہ شہر کے پاور سٹیشن کو بھی تباہ کر دیا گیا

۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا حمایت یافتہ گروپ اسرائیل پر اپنے حملوں کی بھاری قیمت چکا رہا ہے ۔المسیرہ ٹی وی نے یمنی دارالحکومت کے رہائشیوں کے حوالے سے بتایا کہ فضائی حملوں میں صدارتی کمپلیکس، میزائل اڈوں اور تیل اور پاور پلانٹس کے قریب علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں صدارتی محل کے علاوہ دو پاور سٹیشنز اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی جگہ بھی شامل ہے۔صنعا کے مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شہر میں واقع صدارتی محل پر پہلے بھی بمباری ہو چکی ہے اور وہ برسوں سے خالی پڑا ہے۔

- Advertisement -

صنعا میں برسرِ اقتدار حوثی انصار اللہ گروپ سے وابستہ حکومت کا کہنا ہے کہ یمن کے خلاف اسرائیلی جارحیت گھناؤنے جنگی جرم کے ایک نئے باب کی عکاسی ہے اور یہ حملے یمنی عوام کو غزہ کی حمایت سے روک نہیں پائیں گے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صنعا پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔سی جی این کے مطابق صنعا کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حملوں سے صدارتی محل، کیپٹل سیکرٹریٹ، سرکاری تیل کمپنی کی عمارت، ایندھن کے ڈپو اور شہر کے وسطی، جنوبی اور جنوب مغربی حصوں میں بجلی گھر متاثر ہوئے۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے تفصیلات بتائے بغیر ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کی۔ آرمی ریڈیو نے کہا کہ پاور سٹیشنز، صدارتی کمپاؤنڈ اور تیل کے گودام کو نشانہ بنایا گیا۔یہ حملے یمن کی حوثی تحریک کی جانب سے تل ابیب پر ایک ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فائر کیے جانے کے دو دن بعد ہوئے، جس سے مکانات کو نقصان پہنچا لیکن ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ملی۔

صنعا اور حدیدہ بندرگاہ سمیت شمالی یمن کے زیادہ تر حصے پر قابض حوثیوں نے غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے نومبر 2023 سے اسرائیل پر بار بار حملے کیے ہیں۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقے پر فضائی حملے کیے ہیں۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں