اقوام متحدہ ۔16فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے کہاہے کہ یمن میں امدادی ایجنسیوں کے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج مالی امداد ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ یمن میں انسانی امداد کی کارروائیوں کے لیے فنڈز کی کمی ان لوگوں کے لیے موت ہوگی جو بقا کے لیے امداد پر انحصار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت یمن میں امدادی ایجنسیوں کے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج مالی امداد ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کو ایک بریفنگ میں بتایا کہ امدادی ایجنسیوں کے پاس پیسہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے سے امداد میں کمی کی وجہ سے 80لاکھ لوگوں کو کھانا بالکل نہیں یا کم ملے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مارچ میں، اقوام متحدہ کو فنڈز کی کمی کی وجہ سے یمن میں انسانی بنیادوں پر چلنے والی پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑ سکتی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدام سے امدادی کارروائیوں اور اقوام متحدہ کے عملے کی نقل و حرکت کے لیے بہت زیادہ مسائل پیدا ہوں گے۔