یمن میں امن مذاکرات کے مثبت نتائج کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب

63
سعودی عرب

ریاض۔21ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے یمن میں امن عمل کی حمایت کے لیے روڈ میپ تک پہنچنے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج کا خیر مقدم کیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ 14 سے 18 ستمبر کے دوران ہونے والی بات چیت ان ملاقاتوں کے تسلسل کے طور پر سامنے آئی ہے جو سعودی ٹیم نے گذشتہ دور میں یمنی صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین اور اراکین کے ساتھ 17 سے 22 رمضان المبارک 1444 ہجری تک صنعا میں کی تھیں جس میں بہت سے معاملات طے پائے۔

وزارت خارجہ نے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور مملکت کا دورہ کرنے والے یمن کے وفد کے درمیان ملاقات کے مندرجات کو سراہا، جس میں یمن اور اس کے عوام کے لیے مملکت کی مسلسل حمایت اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن میں ایک جامع اور دیرپا سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے یمنی فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔

اس بات چیت کا انعقاد سعودی مواصلاتی اور رابطہ ٹیم نے یمن میں سعودی سفیر محمد بن سعید الجابر، سلطنت عمان کی شرکت کے ساتھ کیا تھا۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے سلامتی کونسل کو اپنی حالیہ بریفنگ میں اس بات کی تصدیق کی کہ تنازع کے فریقین حل تلاش کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کر رہے ہیں، لیکن انھوں نے اسے ٹھوس اقدامات میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔