یمن کی تین بندرگاہوں پر اسرائیل کے فضائی حملے

45
Israeli airstrikes
Israeli airstrikes

تل ابیب ۔7جولائی (اے پی پی):اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے یمن کی تین بندرگاہوں حدیدہ، راس عیسیٰ اور سیف میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ان علاقوں میں حملوں سے قبل شہریوں کے انخلا کے احکامات جاری کئے تھے ۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نےتصدیق کی ہے کہ حوثیوں کے زیر کنٹرول مقامات پر حملوں کا نشانہ بننے والے اہداف میں ایک پاور سٹیشن اور تجارتی جہاز گلیکسی لیڈر بھی شامل ہے۔دو سال قبل اغوا کئے جانے والے اس جہاز کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسے بین الاقوامی پانیوں میں بحری جہازوں کی نگرانی کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ حملے آپریشن بلیک فلیگ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حوثی اپنے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کرتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ جو کوئی بھی اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے نقصان پہنچایا جائے گا اور جو بھی اسرائیل کے خلاف ہاتھ اٹھائے گا اس کا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ یمن کی بندرگاہوں پر تازہ ترین حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل اور اس کے شہریوں پر بار بار کئے جانے والے حملوں کے جواب میں کئے گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان بندرگاہوں کو اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشت گردی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایرانی حکومت سے ہتھیاروں کی منتقلی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حملے کے فوری بعد حوثی باغیوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے فضائی دفاع نے اسرائیل کے حملوں کا میزائلوں سے مقابلہ کیا ہے۔

یمن میں حوثیوں کے زیر انتظام ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں حدیدہ کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔حدیدہ بندرگاہ جو لاکھوں یمنیوں کے لئے خوراک اور دیگر انسانی امداد کا مرکزی داخلی راستہ ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔