اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):ینگ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) کے انتخابات جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوئے ۔ الیکشن کے نتیجے میں سیدہ نوشین افتخار صدر ، مخدوم زین حسین قریشی نائب صدر ، نوابزادہ جمال خان رئیسانی سیکرٹری جنرل ، عائشہ نذیر جوائنٹ سیکرٹری، محمد اقبال خان انفارمیشن سیکرٹری اور محمد مبین عارف فنانس سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ نومنتخت عہدیدران بورڈ آف ینگ پارلیمینٹیرینز فورم (وائی پی ایف) میں دو سال کے لیے بطور آفس بیئررز منتخب ہوئے ہیں۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں نومنتخب عہدیداران وائی پی ایف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ وائی پی ایف ایک پارلیمانی فورم ہے جو 2003 میں پاکستان کی پارلیمنٹ میں قائم کیا گیا تھا۔وائی پی ایف کے آئین کے مطابق یہ فورم 45 سال سے کم عمر کے اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل ہے۔اس فورم کے قیام کا مقصد نوجوان اراکین پارلیمنٹ کو ملک میں ایک ذمہ دار سیاسی قیادت کو فروغ دینے کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔ وائی پی ایف بورڈ صدر، نائب صدر، سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، سیکرٹری انفارمیشن اور سیکرٹری فنانس پر مشتمل ہوتا ہے۔پارلیمنٹ میں پاکستان کے نوجوانوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے ینگ پارلیمنٹرینز فورم (وائی پی ایف) ایک اہم فورم ہے ۔ یہ پلیٹ فارم نوجوان اراکین پارلیمنٹ کو تجربہ کار سیاسی قیادت سے تبادلہ خیال کرنے اور سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔