اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز (YDFs) پروگرام وزارت منصوبہ بندی کا ایک بہترین اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو پبلک پالیسی کے معاملات سیکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی میں باضابطہ طور پر شامل ہونے والے 40 YDFs کے 5ویں بیچ کی حلف برداری کے دوران کیا۔ اس فیلو شپ کا آغاز 2013 ءمیں وفاقی وزیر نے شروع کیا تھا جس کو 2018 ءمیں پی ٹی آئی کی حکومت نے بند کر دیا تھا تاہم اس کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز کے تحت YDFs کو وزارت کے مختلف حصوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ حکومت کے معاملات کو جان سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے علامہ اقبال کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے وائی ڈی ایفز پر زور دیاکہ وہ عظیم شاعر اقبال کے فلسفے کو اپنائیں جنہوں نے اپنی شاعری سے نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دی ہے اور آج کا نوجوان اقبال کے فلسفے کو اپناتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر سے ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور ایک سالہ انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے کے بعد نوجوان فیلوز حکومت کے معاملات کو سمجھنے کے قابل ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں سے معاشرہ پولرائزشن کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ نوجوانوں پہ بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں برداشت کے کلچر کو اجاگر کریں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معروف گلوکار شہزاد رائے نے وزارت منصوبہ بندی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے وزارت میں کام کرنے کا یہ پروگرام بہترین قدم ہے جس سے وہ بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔شہزاد رائے نے یہ بھی تجویز دی کہ اقبال کی شاعری طلباء کو ان کی مادری زبان میں پڑھائی جائے تاکہ وہ اقبال کے حقیقی فلسفہ سیکھ سکیں۔