برن۔4جولائی (اے پی پی):اٹلی اور سپین کی ویمنز فٹ بال ٹیموں نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔دونوں ٹیموں نے اپنے گروپ بی کے ابتدائی میچز جیت لئے۔اٹلی کی ویمن ٹیم نے گروپ بی کے اپنے پہلے میچ میں حریف بیلجیئم کی ویمن فٹ بال ٹیم کو شکست دی ۔
سپین کی ویمن ٹیم نے حریف پرتگال کی ٹیم کو ہرا کر چیمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے سوئٹزرلینڈ میں جاری ہیں۔سٹیڈ ڈی ٹوربیلن، سیون، سوئٹزرلینڈمیں کھیلے گئے گروپ بی کے ابتدائی میچ میں اٹلی اور بیلجیئم کی ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں اٹلی کی ویمن ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بیلجیئم کی ویمن ٹیم کو0-1 گول سے ہرا دیا۔
اٹلی کی اریانا کیروسو نے میچ کا واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔اس فتح کے ساتھ ہی اٹلی کی ویمن ٹیم نے قیمتی تین پوائنٹس حاصل کرلئے۔ سٹیڈیون وانکڈورف، برن، سوئٹزرلینڈ میں کھیلے گئے اسی گروپ کے دوسرے میچ میں سپین اور پرتگال کی ویمن فٹ بال ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
میچ میں ہسپانوی ویمنز ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرتگال کی ٹیم کو بالکل بے بس کر دیا اور یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5گول سے شکست دے کر گروپ بی میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسری حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔سپین کی جانب سے ایستھر گونزالیزنے دوجبکہ وکی لوپیز،الیکسیا پوٹیلس اورکرسٹینا مارٹن پریٹو نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔