برن۔7جولائی (اے پی پی):ناروے اور میزبان سوئٹزرلینڈ کی ویمنز فٹ بال ٹیموں نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں اپنے اپنے میچز جیت لئے ۔ دونوں ٹیموں نے اپنے گروپ اے کے میچز جیتے ۔ ناروے کی ٹیم نے اپنا مسلسل دوسرا میچ جیتنے کے ساتھ ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ناروے کی ویمن ٹیم نے گروپ اے کے اپنے دوسرے میچ میں حریف فن لینڈ کی ویمن فٹ بال ٹیم کو شکست دی ۔میزبان سوئٹزرلینڈ کی ویمن ٹیم نے حریف آئس لینڈ کی ٹیم کو ہرا دیا۔یوئیفا ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے سوئٹزرلینڈ میں جاری ہیں۔
سٹیڈ ڈی ٹوربیلن، سیون، سوئٹزرلینڈمیں کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں ناروے اور فن لینڈ کی ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ناروے کی ویمن ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف فن لینڈ کی ویمن ٹیم کوایک کے مقابلے میں 2گول سے نہ صرف ہرا دیا بلکہ چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ ناروے کی جانب سے ایوا نیسٹروم اور کیرولین گراہم ہینسن نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔فن لینڈ کی طرف سے واحد گول اونا سیونیس نے سکور کیا۔
اسی گروپ کے سٹیڈیون وانکڈورف، برن، سوئٹزرلینڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں میزبان سوئٹزرلینڈ اور آئس لینڈ کی ویمنز ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف آئس لینڈ کی ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔ سوئٹزرلینڈ کی طرف سے جیرالڈائن روئٹیلراورعالیہ پلگریم نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان سوئٹزرلینڈ کی ویمن ٹیم نے قیمتی تین پوائنٹس حاصل کرلئے۔