یوایس ایڈ کا زرعی کاروبار میں خواتین کے کردارکووسعت دینے بارے پروگرام شروع

90

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی)بین الاقوامی ترقی کے حوالے سے امریکی ادارے یوایس ایڈ نے پاکستان میں زراعت سے متعلق کاروبار (ایگری بزنس) میں خواتین کے کردارکووسعت دینے بارے پروگرام کا آغازکردیا۔یوایس ایڈ حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنے خاندانوں کے لیے اضافی آمدنی حاصل کرسکیں۔پروگرام کے تحت خواتین کو لائیوسٹاک کے شعبے میں تربیت فراہم کی جارہی ہے تاکہ ایسی خواتین چھوٹے ڈیری فارمز کو خدمات کی فراہمی کے نظام کا حصہ بن سکیں۔انھوں نے بتایا کہ کاروباری خواتین کو نہ صرف لائیوسٹاک بلکہ آم، سٹرس ، اورہائی ویلیو ویجیٹیبل مصنوعات کے انتظام سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔پروگرام کے تحت دیہی خواتین کو براہ راست گرانٹس کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اس سے انھیں اپنے متعلقہ علاقوں میں مزید خواتین کو روزگارکی فراہمی میں مددملے گی،اس کے علاوہ کاشت کاری اورزراعت سے وابستہ خواتین کو ایگری بزنس سے متعلق تمام مراحل بشمول پیداوار، پراسیسنگ اورمارکیٹنگ کے عمل میں شامل کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت دیہی خواتین کوگرانٹس کے علاوہ آلات کی فراہمی بھی کی جارہی ہے۔