یوتھ پروگرام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات کا عکاس ہے ، شاہد خاقان عباسی

79
APP26-19 ISLAMABAD: February 19 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi chairs briefing on Prime Minister’s Youth Programme at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی مختلف سکیموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2013ءمیں شروع کردہ یوتھ پروگرام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات کا عکاس ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو معاشرہ کا مفید ترین اثاثہ بنانا ہے تاکہ وہ ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو وزیراعظم آفس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔ وزیراعظم پروگرام کی چیئرپرسن لیلیٰ خان نے وزیراعظم کو پروگرام کی مختلف سکیموں کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک کامیاب اقدام ہے جیسا کہ اس کی 6 سکیموں کے تحت مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد افراد اب تک مستفید ہو چکے ہیں۔ لیلیٰ خان نے بتایا کہ وزیراعظم کی یوتھ بزنس قرضہ سکیم کے تحت اب تک تعلیم یافتہ اور ہنرمند مرد و خواتین نوجوانوں میں 22 ارب روپے مالیت کے تقریباً 22 ہزار قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں تاکہ ملک میں کاروبار کے کلچر کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری نوجوان نہ صرف کامیابی کے ساتھ اپنے کاروبار چلا رہے ہیں بلکہ کئی دیگر نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔