یورپ، جاپان سمیت پوری دنیامیں مہنگائی بڑھی ہے‘ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے حالات کے برعکس مہنگائی کوکنٹرول کیا ہے ‘ گورنرسندھ کا پریس کانفرنس سے خطاب

68

کراچی۔13اکتوبر (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ یورپ، جاپان سمیت پوری دنیامیں مہنگائی بڑھی ہے‘ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے حالات کے برعکس مہنگائی کوکنٹرول کیا ہے ،حکومت نے مسافرخانے لنگرخانے بھی قائم کئے تاکہ کوئی بھوکہ نہ سوئے ، ریاست مدینہ کی پیروی میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی، ترجمان وفاقی وزیرخزانہ مزمل اور سندھ اسمبلی میں قائدحذب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی گورنر سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اپوزشن پروپیگنڈہ اور حکومت پر تنقید کررہی ہے لیکن یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پنجاب میں 55روپے کلوآٹاموجود ہے لیکن سندھ میں 74روپے کلو مل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی مہنگی فراہمی کی ذمہ دارسندھ حکومت ہے،ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سول اورملٹری ایک پیج پرہیں اورقائم رہیں گے۔گرین لائن منصوبہ پر کئے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کی باقی چالیس بسیں کل کراچی پہنچ رہی ہیں، ان 40 بسوں کی شمولیت سے گرین لائن منصوبہ میں بسوں کی کل تعداد 80 تک ہوجائے گی، اس کے علاوہ گرین لائن بسز کے ڈرائیورزکی ٹریننگ بھی چل رہی ہے

اور ایک مہینے میں گرین لائن بسز چلانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آرمکمل ہونے میں دوسال لگیں گے۔ احتساب سے متعلق کئے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کسی حکمران نے اپنے لوگوں کااحتساب نہیں کیا لیکن موجودہ حکومت نے ایساکیا اور عمران خان نے اس حوالے سے انکوائری کمیشن بھی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت کارڈ نہیں دے سکے کیونکہ صوبائی حکومت نے اسے ردکردیا اس کے علاوہ گھروں کی تعمیرمیں بھی حکومت سندھ کی جانب سے مسائل درپیش ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا کہ ایل این جی دسمبرتک کی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب یوٹیلٹی بل نہ دینے کی بات کرتے تھے تو اس وقت کے حکمران چوری کرتے تھے، آج بھی سرے محل فلیٹس اورکئی اورشکل میں ماضی کے حکمرانوں کی چوری کاپیسہ موجود ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ کے ترجمان مزمل نے کہا کہ گندم اورچینی کاملک میں وافر اسٹاک موجودہے۔