اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع ،دفاعی پیداوار و اہوابازی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی(ایاسا) کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنز پر پابندی اٹھا لی گئی ہے ، اس پابندی کے خاتمے کے بعد پوری قوم اب یورپی سیکٹرز پر دوبارہ اپنی قومی ایئر لائن پر براہ راست سفر کر سکے گی۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ ایاسا نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوا بازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔
ایاسا کی جانب سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین سٹینڈرڈز پر پورے اترنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اور ضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گی۔پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کیا ۔ سی ای او پی آئی اے کی جانب سے اس تاریخی موقع پر وزرات ہوابازی، سول ایوایشن اتھارٹی، پی آئی ٹیم اور پوری ہوابازی کی صنعت کو ان کے بھرپور تعاون پر مبارکباد پیش کی۔ پابندی کا اٹھ جانا پی آئی اے کے فضائی حفاظتی ضابطوں پر کاربند رہنے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔