یورپی یونین اور امریکی حکومتوں نے پاکستان کو ‘میتھین پلیج’ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم

123

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور امریکی حکومتوں نے پاکستان کو ‘میتھین پلیج’ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ، یہ ایک عالمی اقدام ہے جس کا آغاز رواں سال کے آخر میں گلاسگو میں اقوام متحدہ کے سالانہ سربراہی اجلاس برائے کلائمیٹ کے موقع پر ہوگا، گلوبل میتھین پلیج کلب میں شمولیت کا مقصد آب و ہوا میں میتھین گیس کی سطح نیچے لانا ہے جس سے موسمیاتی تبدیلیوں کی رفتار میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

پیر کو یہاں موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کی طرف سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ عہد امریکی اور یورپی یونین کی زیر قیادت عالمی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت پہلے ہی دو درجن ممالک نے مشترکہ طور پر 2030 تک میتھین کے اخراج کو 30 فیصد کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ملک امین نے کہا کہ ہم نے یورپی یونین اور امریکی حکومتوں کو اپنی رضامندی سے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں کی حمایت کے لیے میتھین عہد میں شامل ہو رہا ہے۔

اب پاکستان ان 24 نئے دستخط کنندگان میں شامل ہے جن کا امریکہ اور یورپی یونین نے ستمبر میں اعلان کیا تھا جس کا مقصد 31 اکتوبر سے شروع ہونے والے دو ہفتوں پر محیط عالمی موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس کے آغاز سے قبل تیز رفتار کلائمیٹ ایکشن کو فروغ دینا ہے۔ میتھین ایک طاقتور آتش گیر اور بے رنگ گرین ہاؤس گیس ہے ، جو کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافےاور آب و ہوا میں تبدیلی لانے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ سے تقریبا 80 گنا زیادہ طاقتور ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کو میتھین پلیج کلب میں شمولیت کے لیے خصوصی دعوت ملی تھی جس کی وجہ اس کے انتہائی کامیاب اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سبز اقدامات اور پروگرام ہیں جن میں موسمیاتی تبدیلی کی تخفیف کے منصوبے، دس بلین ٹری سونامی پروگرام (ٹی بی ٹی ٹی پی) ، الیکٹرک گاڑیوں ، قابل تجدید توانائی اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ و بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔