یورپی یونین اور جرمنی کی حمایت سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے، رانا مشہود احمد خان

165
چیئرمین رانا مشہود احمد خان
چیئرمین رانا مشہود احمد خان

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر کے لیے یورپی یونین اور جرمنی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان قدامات سے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو نیوٹیک کے زیر اہتمام ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی) کے قومی مقابلہ برائے ایکسیلینس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ اقدامات نوجوانوں کو بہتر صلاحیتوں کے ساتھ بااختیار بنائیں گے جس سے روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ نیوٹیک کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان نے بھی مسابقتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شفافیت کو یقینی بناتا ہے اور ملک میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کے شعبے کے لیے اعلیٰ معیارات قائم کرتا ہے۔

ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام ایک 5سالہ اقدام ہے جس کا مقصد ابھرتے ہوئے سبز اور ڈیجیٹل شعبوں میں ملازمتوں کے لیے خواتین اور مردوں دونوں کے لیے اعلیٰ طلب پیشوں میں تربیت تک رسائی کو بڑھا کر پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو بہتر بنانا ہے۔ یہ نیوٹیک سینٹر آف ایکسی لینس ان ماڈرن ٹیکنالوجیز میں منعقدہ قومی مقابلہ تھا۔ یہ تقریب بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں سینٹرز آف ایکسیلنس کی شناخت کے لیے وقف تھی۔ مکمل جانچ پڑتال اور علاقائی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔

مقابلے میں شرکت کے لیے 184 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس کا اختتام علاقائی مقابلوں پر ہوا جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے ٹاپ 6 اداروں، بلوچستان کے ٹاپ 10 اور خیبر پختونخوا کے ٹاپ 22 ادارے شارٹ لسٹ ہوئے۔ پروگرام کے اس مرحلے میں 8 اداروں کو سیکٹر سپیشل سینٹرز آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جائے گا اور 45 ٹیوٹ اداروں کو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ماڈل انسٹی ٹیوٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔

ان اداروں میں جدید لیبز، ورکشاپس، ڈیجیٹائزڈ سسٹم، کیرئیر کائونسلنگ، جاب پلیسمنٹ سینٹرز، بزنس انکیوبیشن، تحقیق اور اختراع کی سہولیات اور بین الاقوامی روابط شامل ہوں گے۔