لندن ۔ 24 جون(اے پی پی) برطانیہ کے مرکزی بینک ”بینک آف انگلینڈ“ نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے پیش نظر مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ یورپی یونین سے انخلاءبارے ریفرنڈم کے نتائج کے بعد برطانوی مرکزی بینک نے جمعہ کو اپنے جاری بیان میں کہا کہ بینک آف انگلینڈ مانیٹری اور فنانشل استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور اس مقصد کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے نکل جانے کے حق میں 52 فیصد اور یورپی یونین میں رہنے کے حق میں 48 فیصد شہریوں نے ووٹ دیا۔