اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز محمد جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ یورپی یونین میں مقیم پاکستانی ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود پر کام کرنا ہمارا نصب العین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکیا جنہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز محمد جواد سہراب ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز اور یورپی یونین کے ایلچی نے یورپی یونین میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے متعلق اہم امور کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاسی منظر نامے اور اس سے ملک میں آنے والی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔جواد سہراب ملک نے سفیر کیونکا کے ساتھ اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے سمندر پار پاکستانی ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمیں ہر لحاظ سے ان کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے مزید مسلسل کوششوں کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
مزید برآں، جغرافیائی سٹریٹجک پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے خطے میں امن کے محرک کے طور پر پاکستان کیکردار پر خصوصی طور پر روشنی ڈالی گئی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے جاری چیلنجنگ معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معاشی استحکام اور ترقی کے لئے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ دونوں فریقوں نے دونوں ریاستوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے باہمی کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا جس میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔