لاہور۔30جنوری (اے پی پی):یورپی یونین کے سفیر اولف سکوگ خصوصی عہدیدار برائے انسانی کی قیادت میں وفد نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی۔ وفد میں پولیٹیکل ایڈوائزر ٹو ای یو ایس آر وکٹر ویلک، فلپ اولیور گراس، ڈپٹی ایمبیسیڈر آف یورپی یونین ٹو پاکستان رکیہ کمرسو، پولیٹیکل کونسلر مرٹا عبیدہ کوآپریشن سیکشن شامل تھے جبکہ سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور علی بہادر قاضی اور ڈپٹی سیکرٹری رضوانہ نوید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات میں اقلیتی حقوق کے تحفظ اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اقلیتی کارڈز کے اجرا، اقلیتی کمیونٹیز کے لیے اسکالرشپس اور مذہبی اقلیتی عبادت گاہوں کے ذریعے مذہبی سیاحت کے فروغ کے منصوبوں پر وفد کو تفصیل سے بتایا۔صوبائی وزیر نے حکومت پنجاب کی جانب سے اقلیتی کمیونٹیز کے سماجی و اقتصادی ترقی میں انضمام کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور یورپی یونین کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقلیتی کمیونٹیز کے لیے زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ یورپی یونین کے وفد نے پنجاب حکومت کے اقلیتی حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف اور ان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آخر میں رمیش سنگھ اروڑہ کی جانب سے یورپی یونین وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔