اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کوئنکا نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑاکاروباری شراکت دار ہے، وفاقی اور صوبائی سطح پر پارلیمانی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رہے گا، توقع ہے کہ پاکستان میں رواں سال قانون کی حکمرانی ، انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی سمیت جمہوری عمل مکمل ہو گا۔ جمعرات کو سینیٹ کی 50 سالہ تقریبات کے دوسرے روز کمیٹی آف دی ہول سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منتخب لوگ عوام کی طاقت کے عکاس ہوتے ہیں۔
وہ گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ یہ منتخب نمائندے اپنی عدلیہ کے سامنے جواب دہ ہوتے ہیں۔ یہ اصول جہاں عوام کے لئے اصول وضع کرتے ہیں وہاں پارلیمان کے لئے بھی اصول وضع کرتے ہیں۔ یورپی یونین میں جمہوریت کی بڑی تعداد ہے۔ وہاں ممبر سینیٹ اور یونین کی سطح پر تواتر سے انتخابات ہوتے ہیں۔ حالیہ یورپی یونین کے انتخابات دنیا میں دوسری بڑی جمہوری مشق ہے۔
پارلیمان ایک ایسا فورم ہے جہاں قومی مسائل کوزیر بحث لایا جاتا ہے۔پارلیمان چیک اینڈ بیلنس کے ذریعے حکومتوں کو جوابدہ رکھتی ہیں اور قانون سازی میں تسلسل کی ضمانت ہیں۔ پاکستان اور یورپی یونین کے 60 سالہ تعلقات ہیں۔ 2014 سے پاکستان جی ایس پی پلس سے مستفید ہو رہا ہے اور 80 فیصد پاکستان کی برآمدات یورپی یونین میں مفت آتی ہیں۔
یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا کاروباری شراکت دار ہے۔ یورپی یونین گڈ گورننس کے فروغ کے لئے تعاون جاری رکھے گی۔ ہم وفاقی اور صوبائی سطح پر پارلیمانی اداروں سے تعاون کرتے رہیں گے۔ یورپی یونین کو توقع ہے کہ پاکستان میں اس سال آئین کے مطابق قانون کی حکمرانی ، انسانی حقوق اور میڈیا کی آزادی سمیت جمہوری عمل کی تکمیل ہو گی۔