یورپی یونین کا ترکیہ کے راستے شام کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پل کے قیام کا اعلان

72
یورپی یونین کا ترکیہ کے راستے شام کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پل کے قیام کا اعلان

برسلز۔14دسمبر (اے پی پی):یورپی یونین نے ترکیہ کے راستے شام کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پل کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے ابتدائی طورپر50 ٹن صحت کا سامان فراہم کیا جائے گا۔ العربیہ اردو کے مطابق یورپی کمیشن نےبیان میں کہاکہ شام میں تقسیم کے لیے دبئی میں یورپی یونین کے ذخیرے سے سامان آئندہ دنوں میں ترکیہ کے شہر ادانا بھیج دیا جائے گا۔

یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے ذریعے شام میں تقسیم کے لیے مزید 46 ٹن امدادی سامان یورپی یونین کے ڈنمارک کے ذخیرے سے ادانا تک پہنچایا جائے گا۔اقوامِ متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے نے کہا ہے کہ شام میں صدر بشار الاسد کی معزولی کے بعد سے دس لاکھ سے زائد نئے افراد بے گھر ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

کمیشن کی سربراہ ارسُلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ جب و ہ آئندہ منگل کو صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے لیے ترکیہ جائیں گی تو وہ انسانی امداد کی فراہمی پر مزید بات چیت کریں گی۔بیان میں کہا گیا کہ اس نے انتہائی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیےاضافی40ملین یورو جمع کیے ہیں جس سے رواں سال اس کی کل امداد 163 ملین یورو (170 ملین ڈالر) ہو گئی ہے۔

نئی مالی امداد میں ٹراما کٹس، صحت کا اہم سامان، ہنگامی پناہ گاہوں کی کٹس اور صفائی کی معاونت کے ساتھ ساتھ شمالی شام میں61ہزار 500افراد کو غذائی پارسلز کی تقسیم میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

بحران کے انتظام کے لیے یورپی یونین کی کمشنر حجہ لحبیب نے ایکس پر لکھا، وہ شام میں بدلتی ہوئی صورتِحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اقوامِ متحدہ سمیت خطے کے شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام نے علیحدہ طور پر شام کو غذائی امداد کے لیےآئندہ چھ ماہ کے دوران 250 ملین ڈالر کی معاونت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ 2.8 ملین تک بے گھر اور غیر محفوظ لوگوں کو امداد فراہم کی جا سکے۔