باکو۔25اگست (اے پی پی):یورپی یونین نے سمندروں اور آبی وسائل کی بحالی کے لیے 13 نئے منصوبوں میں 116 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، یہ فنڈنگ ’’ای یو مشن اوشن اینڈ واٹرز‘‘ کے تحت دی گئی ہے۔
آذری نیوز ایجنسی آذرٹیک کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبے مختلف سمندری خطوں میں نافذ کیے جائیں گے جن میں بلیک سی، ڈینیوب ریور، بالٹک اور نارتھ سی، میڈیٹیرینین سی، اٹلانٹک اور آرکٹک ریجنز شامل ہیں۔منصوبوں کا مقصد سمندری محفوظ علاقوں کا تحفظ، ڈینیوب خطے میں ہجرت کرنے والی مچھلیوں کے مسکن کی بحالی، ماہی گیری کے ماحولیاتی اثرات میں کمی، میرین سیکٹر میں شہری سائنسی شمولیت کو فروغ دینا، مقامی کمیونٹیز کو سمندروں اور پانیوں کے تحفظ کے لیے متحرک کرنا اور یورپی ڈیجیٹل ٹوئن آف دی اوشن کو فعال بنانا ہے، جو سمندر اور اس کے مختلف عناصر کی ڈیجیٹل نمائندگی فراہم کرے گا۔
ان منصوبوں میں ایس ایم ایز، تحقیقی ادارے، مقامی حکام، تعلیمی ادارے اور کاروباری شعبہ شامل ہوں گے۔یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس اہم سرمایہ کاری کے ذریعے وہ سمندروں اور آبی وسائل کی صحت کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھا رہا ہے، جو یورپی اوشن پیکٹ کی کلیدی ترجیحات میں شامل ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنائے گا۔