اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):یورپی یونین اور پاکستانی کاروباری برادری کو باہمی تجارت کے مواقع کو وسیع کرنے کے لئے یورپی یونین نے ای یو- پاکستان بزنس فورم کے چوتھے ایڈیشن کی منگل کو پشاور میں میزبانی کی۔ اس سے قبل گزشتہ سال 8 ستمبر، 13 اکتوبر اور 17 نومبر کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں منعقد ہونے والے تین پروگراموں کے بعد پشاور میں ہونے والی تقریب میں دستکاری اور قالین، سیاحت، پتھر اور جواہرات کے علاوہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقامی ایس ایم ایز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بزنس فورم کے پشاور سیشن میں شرکاء کو یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو دی گئی جی ایس پی پلس سکیم کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی ایس ایم ایز کو ملک کی برآمدی سپلائی چین کا حصہ بنانے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ یہ پروگرام برآمدات کی بنیاد کو بڑھانے اور برآمدات کو متنوع بنانے کے لیے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے میں بھی مدد کرے گا۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا ہے، ٹیرف لائنز کا دو تہائی حصہ یورپی یونین مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی فراہم کرتا ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کے ناظم الامور تھامس سیلر نے اس موقع پر کہا کہ ہم آج پشاور میں چوتھے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کے لیے اس امید اور اعتماد کے ساتھ آئے ہیں کہ یہ تجارتی مواقع کو وسیع کرے گا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ پروگرام برآمد کنندگان کو یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی جی ایس پی پلس رعایتوں سے یورپی یونین مارکیٹ میں روابط استوار کر کے مکمل فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گا اور اس طرح ایس ایم ایز کے لیے معاشی ترقی کے لیے حقیقی انجن بننے کی راہ ہموار کرے گی۔