اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک بھجوانے کی شرح میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 33.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے ستمبر تک کی مدت میں یورپی یونین میں شامل ممالک جرمنی ، فرانس، ہالینڈ، سپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک، آئرلینڈ اور بلیجیم میں مقیم پاکستانیوں نے 804.7 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 33.1 فیصد زیادہ ہے ۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 604.5 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اکتوبر 2020 میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 203.2 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 155.6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ترسیلات زر قانونی ذرائع سے ملک ارسال کرنے کے لئے ترغیبات و اقدامات کے نتیجہ میں جاری سال کی پہلی سہ ماہی میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 26.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر کی مد میں 9.431 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ہوئی ۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا حجم 7.591 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔