یورپی یونین کے ڈیجیٹل پورٹل ’’ٹریڈ کنٹرول اینڈ ایکسپرٹ سسٹم ‘‘پر تربیتی نشست کا انعقاد

89
Digital Portal
Digital Portal

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ نے وزارت تجارت کے تعاون سے یورپی یونین کے ڈیجیٹل پورٹل "ٹریڈ کنٹرول اینڈ ایکسپرٹ سسٹم” کے حوالے سے ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا۔ سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس نشست میں حکومتی ریگولیٹرز اور معاون اداروں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی جن میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزارت بحری امور، اینیمل کوارنٹین ڈیپارٹمنٹ ، میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ، اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان شامل تھے۔

ٹریڈ کنٹرول اینڈ ایکسپرٹ سسٹم یورپی یونین کا باضابطہ آن لائن پلیٹ فارم ہے جو جانوروں، ان کی مصنوعات، خوراک اور پودوں کی درآمد کے لئے سرٹیفکیٹ فراہم کرتا ہے۔ یہ دنیا بھر کے تقریباً 90 ممالک میں استعمال ہونے والا ایک لازمی نظام ہے جس کے 113,000 سے زائد صارفین ہیں جو سینیٹری اور فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹس اور درآمد کے لئے ضروری دستاویزات کے اجراء میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کا بنیادی مقصد متعلقہ داخلہ طریقہ کار کے سرٹیفیکیشن کے عمل کو آسان بنانا اور مکمل طور پر ڈیجیٹائزڈ اور پیپر لیس ورک فلو فراہم کرنا ہے۔

یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ اینڈ فوڈ سیفٹی کے ماہرین نے شرکاء کو پورٹل کی خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی کہ یہ بین الاقوامی خوراک کی حفاظت کے معیار کے شفاف اور پیپر لیس نفاذ میں کس طرح مددگار ثابت ہوتا ہے۔

برسلز میں پاکستان کے سفارتخانہ کے اکنامک منسٹر عمر حمید نے ڈی جی سانتے کے حکام کا شکریہ ادا کیا ،ٹریڈ کنٹرول اینڈ ایکسپرٹ سسٹم پر پاکستان کے متعلقہ حکام اور یورپی کمیشن کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ تاجروں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے اور یورپی یونین کے ضوابط کی تعمیل یقینی بنائی جا سکے۔