پیرس۔21جنوری (اے پی پی):فرانس نے کہا ہے کہ اگر یورپ نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت نہ کی تو اسے دیوار سے لگا دیا جائے گا۔اے ایف پی کے مطابق یہ بات فرانس کے وزیراعظم فرانکو بائرو نے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے فرانس کے جنوب مغربی شہر پاؤ میں امریکا کی نئی انتظامیہ کی ڈالر، انڈسٹری اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے ساتھ امریکا نے ایسی سیاست کا فیصلہ کیا ہے جو غیرمعمولی بالادستی کی حامل ہو ،اگر ہم نے کچھ نہ کیا تو ہمارا مقدر سامنے ہے، ہم مغلوب ہو جائیں گے، کچلے جائیں گے اور ہمیں دیوار سے لگا دیا جائے گا،
یہ سب اب ہم ( فرانسیسی اور یورپی عوام) پر منحصر ہے کیونکہ یورپ کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد نے ہمیں اور ہماری ذمہ داریوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے اور یہ چین کی طاقت کو بھی اشتعال دلانے والی صورتحال ہے۔
اس سے قبل فرانس کے صدر ایمانویل میکرون بھی کہہ چکے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے سے امریکا پر انحصار میں کمی بالخصوص دفاع کے شعبے میں یورپ کی تزویراتی آزادی کی ضرورت اجاگر ہوئی ہے۔