یورپ کے مستقبل کا فیصلہ واشنگٹن یا ماسکو میں نہیں ہونا چاہیے،فرانسیسی صدر

109
French President
French President

پیرس۔6مارچ (اے پی پی):فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نےیوکرین سمیت یورپی ممالک کو جوہری استعدادفراہم کرنے اور امن معاہدے کے نفاذ کے لئے یوکرین میں یورپی فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔ گزشتہ روز قوم سے خطاب میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ یوکرین اور نیٹو بارے امریکی پالیسی میں تبدیلی ان کے لئے فکر اور پشیمانی کا باعث ہے ۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ میں یقین کرنا چاہتا ہوں کہ امریکا ہمارے ساتھ رہے گا لیکن ہمیں خود کو اس کے برعکس صورتحال کے لئے بھی تیار رہنا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ کے مستقبل کا فیصلہ واشنگٹن یا ماسکو میں نہیں ہونا چاہیے۔

فرانسیسی صدر نے روس کے رویئے کو بھی جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر حملے کے بعد روس سے کسی ملک کی سرحدوں کا احترام کرنے کی کوئی توقع نہیں، روس آنے والے سالوں میں فرانس اور یورپ کے لئے خطرہ بن سکتا ہے اور اس صورتحال میں ہمارے لئے تماشائی بنے رہنا پاگل پن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ روس یوکرین کی طرح کسی اور یورپی ملک پر حملہ نہیں کرے گا۔انہوں نے امریکی صدر کو خبر دار کیا کہ یوکرین میں کمزور بنیادوں پر کی گئی جنگ بندی پائیدار نہیں ہو گی۔