یورپ کے ٹیلی کام گروپ کی جغرافیائی سیاسی بنیادوں پر چین کی 5 جی سپلائرز پر پابندی کی مذمت

89

برسلز۔19اکتوبر (اے پی پی):یورپ کی ٹیلی کام ایسوسی ایشن نے جغرافیائی وسیاسی بنیادوں پر چین کی 5 جی سپلائر کمپنیوں پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے نتائج 5جی نیٹ ورکس کی دستیابی میں تاخیر اور قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپین کمپیٹیٹو ٹیلی کمیونیکیشن ایسوسی ایشن (ای سی ٹی اے) نے گزشتہ روز کہا کہ وہ جغرافیائی وسیاسی بنیادوں پر چین کے 5 جی سپلائرز کی بندش کی مذمت کرتے ہیں اور ایسے فیصلے صرف تسلیم شدہ حقائق کی بنیاد پر ہی جواز اور دلائل کے ساتھ پیش کر سکتے ہیں ۔ ای سی ٹی اے نے کہا کہ دنیا بھر میں 5جی سپلائرز کی تعداد 5 سے کم کرکے 3 تک کرنے سے قیمتوں میں اضافہ کے باعث نہ صرف ٹیلی کام کا شعبہ متاثر ہو گا بلکہ اس کی کارکردگی ، 5جی نیٹ ورکس کی دستیابی میں تاخیر اور جدت کی صلاحیتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ واضح رہے کہ چین کی ہوائے اور زیڈ ٹی ای پر چینی سامان فروخت کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔